کیپ ٹائون: جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انجری کا شکار ہونے والے صائم ایوب 6 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے باہر ہوگئے۔
گزشتہ روز کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے میچ میں شارٹ تھرڈ مین باؤنڈری پر گیند کا پیچھا کرنے کی کوشش کے دوران باؤنڈری لائن کے قریب قومی ٹیم کے اوپنر صائم کا دائیں ٹخنہ مڑ جانے کے سبب انجری کا شکار ہوئے تھے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اوپنر کی ایم آر آئی رپورٹس میں فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے جس کے باعث وہ 6 ہفتوں تک انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہوگئے ہیں۔
صائم ایوب جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں تاہم وہ ٹیم کے ساتھ رہیں گے اور میچ ختم ہونے بعد اسکواڈ کے ہمراہ وطن لوٹیں گے۔
خیال رہے کہ انجری کے باعث اوپنر کو فوری طور پر دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر کردیا گیا ہے جبکہ انہیں فوری اسپتال منتقل کرکے اسکین کروایا گیا تھا جس کی رپورٹ آج سامنے آئی ہے۔