لاہور میں اومی کرون تیزی سے پھیلنے لگا

لاہور: کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ اومی کرون لاہور میں تیزی سے پھیلنے لگا۔
محکمہ صحت کے مطابق پنجاب بھر میں سامنے آنے والے 50 کیسز میں سے 49 کا تعلق لاہور سے ہے جب کہ لاہور میں کورونا مثبت آنے کی شرح 2 فیصد ہوگئی اور گزشتہ روز شرح 3 فیصد تھی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری صحت پنجاب عمران بلوچ کا کہنا ہے اومی کرون وائرس کی تشخیص بہت پیچیدہ ہے اور پی سی آر ٹیسٹ کے ذریعے بھی اس کی تصدیق نہیں ہوسکتی، جین سیکوینسنگ کے ذریعے 3 دن میں اومی کرون وائرس کی تصدیق ہورہی ہے، اس وقت اومی کرون سے متاثر ہونے کی علامات رکھنے یا بیرون ممالک سے آنے والے افراد کے نمونے ہی چیک کیے جارہے ہیں جس میں ہر شخص کا اومی کرون ٹیسٹ نہیں کیا جارہا۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق 50 کیسز میں سے صرف ایک کیس کا تعلق بہاولپور سے ہے جب کہ لاہور میں ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، جوہر ٹاؤن اور ڈیفنس کے علاقے اومی کرون وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔

Cases in LahoreCorona virusOmicron