کراچی: کامیڈی کنگ عمر شریف کا جسد خاکی کراچی پہنچ گیا عمر شریف کی فیملی میت وصول کرنے ایئرپورٹ پہنچی،نمازجنازہ3بجے ادا کی جائے گی
عمر شریف مرحوم کا جسد خاکی ترکش ایئرلائن کی پرواز TK708 سے لایا گیا ہے۔ کراچی پہنچنے کے بعد مرحوم کا جسد خاکی ضابطے کی کارروائی کے لیے انٹر نیشنل کارگو ٹرمینل منتقل کردیا گیا۔ عمر شریف کی فیملی میت وصول کرنے ایئرپورٹ پہنچی۔ سی اے اے اور گراؤنڈ ہینڈلنگ کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جسد خاکی ورثا کے حوالے کردیا گیا۔
عمر شریف کا جسد خاکی کراچی پہنچنے کے بعد کارگو ٹرمینل پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ جسد خاکی وصول کرتے وقت بیٹے جواد عمر اور دیگر احباب جذباتی ہوگئے۔
عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل اور جرمنی سے قونصل جنرل امجد علی جسد خاکی کے ہمراہ کراچی پہنچے ہیں۔ کارگو ٹرمینل پر سی اے اے کسٹمز اور ایئر لائن افسران بھی موجود رہے۔
عمر شریف کے جسد خاکی کی فوری کلیئرنس کے لئے تمام اقدامات کو حتمی شکل دی گئی۔ جب کہ ترکش ایئرلائن کی پرواز TK708 نےاپنے مقررہ وقت سے دس منٹ پہلے کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔ پرواز کا کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کا مقررہ وقت صبح 45-05 تھا جب کہ پرواز نے صبح 35-05 پر کراچی جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔
صوبائی وزیر سعید غنی بھی کارگو ٹرمینل پہنچ گئے اور انہوں نےعمرشریف کےاہلخانہ سےاظہارتعزیت کیا۔ سعیدغنی نے کہا عمرشریف نے ملک کانام دنیا بھرمیں روشن کیا۔ مداح عمرشریف کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نمازجنازہ میں شرکت کریں۔ آج عمر شریف کو ہم خراج عقیدت پیش کریں گے۔ کامیڈی کنگ عمر شریف کی نمازجنازہ سہ پہر 3 بجے عمرشریف پارک کلفٹن میں اداکی جائے گی۔ مرحوم کو حضرت عبداللہ شاہ غازی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے مزار سے متصل قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ ایئر پورٹ سے جسد خاکی سرد خانے منتقل کیا گیا ہے۔ جہاں چند گھنٹے رکنے کے بعد گھر منتقل کیا جائے گا۔ میں عمر شریف کی فیملی سے مکمل رابطے میں ہوں۔ ڈی ایم سی ساؤتھ کو مکمل فعال کیا گیا ہے۔ عمر شریف کے جنازے کی ادائیگی کے تمام اقدامات مکمل ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کوئی ایسا ادارہ ان کے نام سے منسوب کیا جائے جو کام کرتا رہے اور عمر شریف کو لوگ یاد رکھیں۔
دوسری جانب عمر شریف کی میت ایدھی سرد خانے منتقل کی گئی ہے۔ سرد خانے پہنچنے پر فوری طور پر کاغذی کارروائی مکمل کی گئی۔ میت کے کسٹوڈین جواد عمر ہیں۔ عمر شریف کی میت چند گھنٹے سرد خانے میں رکھی جائے گی۔ جسد خاکی کو آخری دیدار کی غرض سے کچھ دیر بعد گھر لے جایا جائے گا۔نمازجنازہ3بجے ادا کی جائے گی جس کے بعد میت کو ان کی وسیعت کے مطابق عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے گا .
واضح رہے کہ عمر شریف کو علاج کے لئے امریکا لے جاتے ہوئے جرمنی میں کچھ وقت کے لیے قیام کرنا پڑا تھا تاہم وہ وہیں دوران علاج انتقال کرگئے تھے۔