اسلام آباد: غریب عوام پر ایک اور مہنگائی کا وار کیا گیا ہے، یوٹیلٹی اسٹورز پر برانڈڈ گھی کی فی کلو قیمت میں 38 روپے اور تیل کے فی کلو پیکٹ پر 33 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پر مہنگائی کا نیا طوفان برپا کردیا گیا ہے اور یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی اور تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا ہے، اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت برانڈڈ گھی کی فی کلو قیمت میں 38 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد 354 روپے والا فی کلو برانڈڈ گھی کا پیکٹ 392 روپے میں دستیاب ہوگا، اسی طرح تیل کے فی کلو پیکٹ کی قیمت 33 روپے بڑھادی گئی ہے، جس کے بعد برانڈڈ آئل کی فی کلو قیمت 355 سے بڑھاکر 388 کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 5 کلو والے برانڈڈ گھی کے ڈبے کی قیمت میں187 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے اور پانچ کلو والے گھی کی قیمت 1795 سے بڑھاکر 1982 روپے مقرر کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ حکومت نے صرف 17 روز قبل ہی 15 اکتوبر کو مختلف برانڈز کے گھی کی قیمتوں میں 40 سے 1090 روپے تک کا اضافہ کیا تھا اور یوٹیلٹی اسٹورز پر ملنے والے ڈالڈا گھی کی فی کلو قیمت میں 109 روپے اور 10 لیٹر کین میں 1090 روپے بڑھائے گئے تھے، جس کے بعد ڈالڈا گھی کا 10 لیٹر کا کین 2500 روپے سے بڑھ کر 3590 روپے کا ہوگیا تھا، اسی طرح میزان گھی کے 10 لیٹر ٹن کی قیمت میں 475 روپے کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد میزان گھی کے 10 لیٹر ٹن کی قیمت 2885 سے بڑھا کر 3360 روپے مقرر کی گئی تھی۔
یوٹیلٹی اسٹورز پر 5 لیٹر پلانٹا کوکنگ آئل کی قیمت میں 463 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا، جب کہ من پسند کوکنگ آئل کی قیمت 465 روپے تک بڑھا دی گئی تھی، جس کے بعد من پسند 5 لیٹر کوکنگ آئل ٹن کی قیمت 1245 سے بڑھ کر 1710 روپے ہوگئی تھی۔