یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی کی قیمتوں میں 109 روپے فی کلو اضافہ

اسلام آباد: یوٹیلٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے گھی کی قیمتوں میں 40 سے 109 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پر مہنگائی کا نیا طوفان برپا کردیا گیا ہے اور مختلف برانڈز کے گھی کی قیمتوں میں 40 سے 109 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جب کہ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری ہوگا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز پر ملنے والے ڈالڈا گھی کی فی کلو قیمت میں 109 روپے اور 10 لیٹر کین میں 1090 روپے کا ہوش ربا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈالڈا گھی کا 10لیٹر کا کین 2500 روپے سے بڑھ کر 3590 روپے کا ہوگیا ہے۔ اسی طرح میزان گھی کے 10 لیٹر ٹن کی قیمت میں 475 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد میزان گھی کے 10 لیٹر ٹن کی قیمت 2885 سے بڑھا کر 3360 روپے مقرر کی گئی ہے۔
یوٹیلٹی اسٹورز پر 5 لیٹر پلانٹا کوکنگ آئل کی قیمت میں 463 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جب کہ من پسند کوکنگ آئل کی قیمت 465 روپے تک بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد من پسند 5 لیٹر کوکنگ آئل ٹن کی قیمت 1245 سے بڑھ کر 1710 روپے ہوگئی ہے۔

Oil rate increaseUtitlity stores