اسلام آباد: عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہونے کے باعث پاکستان میں آئندہ 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
ذرائع پٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان ہے، لیکن پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ابھی تک اوگرا کی سمری نہیں آئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کتنی مہنگی ہوسکتی ہیں، سمری سے قبل اس پر کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے تاہم گزشتہ 2 ہفتوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت اوپر گئی ہے۔
ذرائع نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے وزارت خزانہ کرتی ہے۔