فیصل آباد: ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے سیریز بھی پاکستان نے اپنے نام کرلی۔ پاکستان نے ایک روزہ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں جنوبی افریقا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 144 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 25.1اوور میں حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 77 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بابر اعظم 27 اور فخر زمان 0 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے۔
محمد رضوان 32 اور آغا سلمان 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ناندرے برجر اور جورن فورٹن نے 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کی ٹیم 37.5 اوورز میں 143 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پروٹیز کی جانب سے کوانٹن ڈی کاک 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ لوان-ڈرے پریٹوریئس 39، نقابیومزی پیٹر 16، کپتان میتھیو برٹزکے 16، ڈونوون فریرا 7، جورن فورٹن 3، ٹونی ڈی زورزی 2، روبن ہرمن 1 جبکہ کوربن بوش اور لُنگی اینگیڈی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ ناندرے برجر 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی، محمد آفریدی اور سلمان آغا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ابرار احمد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جب کہ جنوبی افریقی وکٹ کیپر بلے باز کوانٹن ڈی کاک سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے۔