بھارت نے افغانستان میں امن کوششوں میں رکاوٹیں ڈالیں، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہےکہ بھارت کے اسپائلر کردارسے افغانستان میں امن کاوشوں میں رکاوٹیں آئیں۔
الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ان کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان میں سپائلرکا کردارادا کر رہا ہے۔ امید ہے بھارت افغانستان میں سپائلرکا کردارختم کردے گا تو سیاسی مفاہمت کا راستہ آسان ہو جائے گا۔
شاہ محمود نے کہا کہ افغانستان کےمنجمد اکاؤنٹ فوری بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ معاشی ابتری پر قابو پانے کیلئے افغانستان پیسے کواستعمال میں لاسکتا ہے۔ افغانستان میں اقتصادی بحران پیدا ہونے سےتباہی ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی آمد سے پاکستان، ایران اورتاجکستان متاثر ہوں گے۔ مہاجرین کی پڑوسی ممالک میں آمد سے خطہ شدید متاثر ہوگا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کےاس حوالےسے تحفظات ہیں۔ افغانستان میں بحران سے دہشت گرد عناصر کو پنپنے کا موقع ملے گا۔ دہشت گردعناصرختم کرنے کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بحران سے پاکستان بلکہ پورے خطے کوسنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ افغان عوام اپنی پالیسیوں کی تشکیل اورمسائل حل کرنے میں آزاد ہیں۔
پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہا کہ افغانستان کو مالی معاونت کی اشد ضرورت ہے۔ ہم افغانستان کےاندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔ ہم افغانستان میں امن واستحکام چاہتے ہیں۔ افغان عوام کا بھی یہی مقصد ہےکہ وہاں امن اور استحکام آئے۔

Obstruct India's peace efforts in Afghanistan: Shah Mehmood Qureshi