نئی تحقیق میں موٹاپا کینسر کی ایک اہم وجہ قرار

لندن: ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کینسر کے 40 فیصد کیسز کا تعلق موٹاپے سے ہوتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں محققین کی ٹیم نے پایا کہ کینسر کے تمام کیسز میں سے 40 فیصد کا تعلق موٹاپے سے ہوتا ہے۔ سویڈن کی ایک یونیورسٹی کی قیادت میں محققین کی ٹیم نے قریباً 40 سال تک 41 لاکھ شرکا کی نگرانی کی اور 332,500 کینسروں کی نشان دہی کی جن میں سے 40 فیصد مریضوں میں موٹاپا پایا گیا۔
ٹیم نے بیان جاری کیا جس میں اس کا کہنا تھا کہ اس تحقیق کے نتائج صحت عامہ کے حوالے سے اہم مضمرات کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں کینسر کا تناسب لوگوں میں وزن کو نارمل رکھنے سے کم کیا جاسکتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی پتا چلا کہ درمیانی عمر میں لوگوں کے موٹے ہونے کے امکانات 6 گنا اس وقت زیادہ ہوجاتے ہیں جب ان کے والدین اسی عمر میں موٹے ہوں۔
برطانیہ کی ہیلتھ سیکریٹری وکٹوریہ ایٹکنز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم صحت مند رہنے کے بارے میں لوگوں کی مدد اور انہیں مشورہ دے سکتے ہیں، تاہم اس کے لیے ہمیں ایسے طریقے سے کوشش کرنی ہوگی جو بے جا دخل اندازی میں شمار نہ ہو۔ اس کے لیے بہتر ہے کہ ہم لوگوں کو معلومات فراہم کریں اور ایسا کرنے سے ہم انہیں صحت مند زندگی گزارنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

Major Cause of CancerNew ResearchObesity