اپوزیشن ٹائیں ٹائیں فش، این آر او ہمیشہ کیلیے دفن کردیا، شیخ رشید

راولپنڈی: شیخ رشید کا کہنا ہے پاکستان نے این آر او کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کردیا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں حساس قسم کے بل کی مخالفت کی، لیکن کل حکومت کو ایف اے ٹی ایف کے معاملے میں بہت بڑی فتح ہوئی، حکومت نے زبردست قسم کا برج عبور کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے منی لانڈرنگ بل پر بارگیننگ نہیں کی اور نہ سرنڈر کیا، نیب کے کیسز میں حکومت نے جھکاؤ نہیں دکھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف میں جرأت نہیں کہ جیل کاٹ سکیں، وہ آج بھی این آر او کی تلاش میں ہیں لیکن کل پاکستان نے این آر او کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کردیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ کسی نے کوئی ریڈلائن کراس نہیں کی، کل کے اجلاس میں شہباز شریف کا مورال تھوڑا کمزور تھا اور پیپلز پارٹی زیادہ فعال تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ میری شام میں بلاول اور شہباز سے ملاقات ہوئی، سب مزے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں کل شہباز شریف نے ایسی کوئی غلط بات نہیں کی، شہباز شریف نے کل اسمبلی اور اسپیکر کا پورا احترام کیا، رات شہباز سے ذرا بات نہ ہوسکی ورنہ شہباز شریف سے کہتا کہ وہ اپنے آپ کو ضائع نہ کریں۔
وفاقی وزیر نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ان شاء اللہ "ش” نکلے ہی نکلے، "ش” کا نکلنا طے ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 20 ستمبر کو اے پی سی ناکام ہوگی، اپوزیشن سوائے جلسے جلوس کے کچھ نہیں کرے گی۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں جو مرضی شامل ہوجائے، مریم بھی شامل ہوجائیں، کچھ بھی نہیں ہوگا، اپوزیشن ٹائیں ٹائیں فش ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 20 ستمبر کو اپوزیشن اپنے سے بڑا کوئی فیصلہ نہیں کرے گی اور نہ ہی کرسکتی ہے۔

NROOppositionssheikh rasheed