کراچی: پاکستان سے تعلق رکھنے والے نور زماں ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن بن گئے، یوں پاکستان کو چیمپئن شپ میں واحد گولڈ میڈل بھی مل گیا۔
تھائی لینڈ کے شہر پتایا میں منعقدہ چیمپئن شپ کے بوائز انڈر 19 ایونٹ کے فائنل میں نور زماں نے ملائیشیا کے جوا چم چوہا کو سخت مقابلے کے بعد 1-3 سے مات دے کر فتح کا جشن منایا۔
18 سالہ نور زماں نے فائنل معرکے میں پہلا گیم 9-11 سے جیتا، دوسرے گیم میں 12-10 سے ناکامی کے بعد انہوں نے اگلے دونوں گیمز میں 5-11 اور 9-11 سے کامیابی پاکر ٹائٹل پر قبضہ جما لیا۔
پاکستان نے چار برس کے بعد یہ ٹائٹل حاصل کیا، چیمپئن شپ میں شریک پاکستان کے دیگر 7 بوائز اور 5 گرلز کھلاڑی پہلے ہی مقابلوں سے باہر ہوگئے تھے۔
نور زماں سابق برٹش اسکواش چیمپئن قمر زماں کے پوتے ہیں، چیمپئن شپ میں بوائز انڈر 13 ایونٹ سم یک وائی (ملائیشیا) نے جیتا جب کہ نک ہلسوار موگن سندرہم (ملائیشیا) بوائز انڈر 15، آکاری مدوکاری (جاپان) بوائز انڈر17، ہیرلن تان (ملائیشیا) گرلز انڈر 13، انہاتھ سنگھ (بھارت) گرلز انڈر15، آکاری ریکاوا گرلز انڈر17 اور آئرا زمان (ملائیشیا) گرلز انڈر 19 کی چیمپئن بن گئیں۔