میرے ساتھ نبھانے والا مرجاتا، جنات میری شادی نہیں ہونے دیتے، نشو بیگم

لاہور: پاکستانی فلموں کی ماضی کی مقبول اداکارہ نشو بیگم کا کہنا ہے کہ اُن کی قسمت میں شادی ہی نہیں لکھی یا پھر کوئی ایسا جِن ہے جو اُن کی شادی نہیں ہونے دیتا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں میزبان نے نشو بیگم سے پوچھا کہ میری اطلاعات کے مطابق آپ کو ایک بہت بڑے تاجر نے شادی کی پیشکش کی ہے تو کیا آپ اس خبر کی تصدیق کریں گی یا تردید؟
جواب میں نشو بیگم نے کہا کہ مجھے تو ایسا لگتا ہے کہ کسی نے میری شادی میں رکاوٹ ڈالی ہوئی ہے یا پھر کوئی ایسا جِن ہے جو نہیں چاہتا کہ میں شادی کروں اور اپنا گھر بساؤں۔
نشو بیگم نے کہا کہ میں سوچتی ہوں کہ اگر میں نے شادی کرلی تو کہیں وہ جِن ناراض نہ ہوجائے، اسی وجہ سے میں شادی کی پیشکش قبول نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ شادی ایک بہت بڑی ذمے داری ہے جبکہ ابھی میرے اوپر کوئی ذمے داری نہیں ہے، میں اپنی مرضی سے گھومتی پھرتی ہوں، عیش کرتی ہوں، اپنی مرضی سے سوتی اور اُٹھتی ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ شاید، میری قسمت میں شادی لکھی ہی نہیں ہے کیونکہ اگر کوئی میرے ساتھ شادی نبھاتا ہے تو وہ اللہ کو پیارا ہوجاتا ہے۔
نشو بیگم نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ جن لوگوں نے مجھے شادی کی پیشکش کی ہے اُن سے یہی کہوں گی کہ اگر آپ کو اپنی جان عزیز ہے تو مجھ سے شادی نہ کریں۔

خیال رہے کہ نشو بیگم نے 1970 میں انعام ربانی سے پہلی شادی کی تھی، اُن کی یہ شادی صرف 6 سال تک چلی اور پھر طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔

طلاق کے بعد نشو بیگم نے 1978 میں نغمہ نگار اور شاعر تسلیم فاضلی سے دوسری شادی کی، دوسرے شوہر کی وفات کے بعد اُنہوں نے جمال پاشا سے تیسری شادی کی تھی۔

نشو بیگم کے تیسرے شوہر جمال پاشا 2019 میں انتقال کرگئے تھے۔

 

InterviewmarriageNisho Begum