کراچی: ایڈووکیٹ عامر علی مغیری نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کی سیشن کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے، جس میں انہوں نے مبینہ بلدیاتی غفلت کے باعث پیش آنے والے الم ناک واقعے پر سرکاری افسران اور منتخب نمائندوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
درخواست کے مطابق تین سالہ معصوم بچہ، ابراہیم، یکم دسمبر 2025 کو ایک کھلے نکاسیٔ آب کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے سالانہ خطیر بجٹ کے باوجود بنیادی شہری حفاظتی اقدامات کو نظرانداز کیا گیا، جس کے نتیجے میں یہ افسوس ناک حادثہ پیش آیا۔
ایڈووکیٹ عامر کے مطابق مین ہول کور کی دیکھ بھال اور مرمت کی ذمے داری اعلیٰ حکام پر عائد ہوتی ہے، جن میں ڈپٹی کمشنر ایسٹ، اسسٹنٹ کمشنر گلشنِ اقبال ٹاؤن، میئر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کراچی، چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشنِ اقبال اور چیئرمین یونین کونسل نیپا چورنگی شامل ہیں۔
درخواست میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او نے ذمے داران کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا اور اپنے قانونی اختیارات کا استعمال کرنے میں ناکام رہے۔
ایڈووکیٹ عامر نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ سیکشن 322 پی پی سی کے تحت نامزد افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم جاری کرے۔