نہال ہاشمی نے سندھ کے 35 ویں گورنر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ ظفر احمد راجپوت نے ان سے حلف لیا۔
گورنر سندھ کی تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ضیا لنجار، ناصر شاہ اور ذوالفقار شاہ نے شرکت کی۔
تقریب میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن، علی اکبر گجر سمیت مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما اور کارکنان بھی شریک ہوئے۔
خیال رہے کہ نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز کیا گیا تھا، صدر مملکت آصف زرداری نے ان کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے نامزد گورنر نہال ہاشمی نے گزشتہ روز ملاقات بھی کی تھی، وزیراعظم نے انہیں گورنر سندھ تعیناتی پر مبارکباد دی تھی۔
نہال ہاشمی 1997ء سے 1999ء تک وزیرِاعظم نواز شریف کے مشیر برائے قانون و انصاف رہے، 2012ء میں انہوں نے کراچی میں مسلم لیگ ن کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور پھر اگست 2014ء میں انہیں سندھ میں مسلم لیگ ن چیپٹر کا جنرل سیکریٹری بنایا گیا، پھر 2015ء میں وہ مسلم لیگ ن کی پنجاب سے نشست پر سینیٹ کے امیدوار منتخب ہوئے۔
2017 میں پاناما کیس سے متعلق متنازع بیان پر نہال ہاشمی کو مسلم لیگ ن سے نکال دیا گیا تھا تاہم 2021ء میں ان کی رکنیت بحال کر دی گئی تھی۔

Chief Justice SindhNihal HashmioathZafar Ahmed Rajput