ابوجا: نائیجیریا کے ایک گائوں پر وحشیانہ حملہ کرکے 81 افراد ہلاک کردیے گئے۔
نائیجیریا کی ریاست یوبے میں خودکار اسلحہ سے لیس 50 سے زائد افراد نے ایک گاؤں پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 81 افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا کے مافا گاؤں پر صبح 4 بجے آر پی جی گرینیڈز اور خودکار ہتھیاروں سے لیس درجن سے زائد موٹر سائیکلوں پر 50 افراد نے دھاوا بولا۔
حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے بھگدڑ مچ گئی اور دیہاتیوں کو چھپنے کی جو جگہ ملی اس طرف دوڑ پڑے لیکن انہیں کہیں پناہ نہیں ملی۔ جھاڑیوں اور کھیتوں تک میں لاشیں بکھری پڑی ہیں۔
حملہ آوروں نے دکانوں اور گھروں کو بھی آگ لگادی۔ متعدد دیہاتی حملے کے بعد سے لاپتا ہیں، جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ پناہ کی تلاش میں گاؤں سے باہر نکل گئے اور حملہ آوروں کے ہتھے چڑھ گئے۔
مقامی پولیس نے الزام عائد کیا کہ حملہ آوروں کا تعلق شدت پسند تنظیم بوکوحرام سے ہے، تاہم بوکو حرام کی جانب سے تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ نائیجیریا میں یوبے سمیت 3 ریاستوں میں گزشتہ 15 برس سے خانہ جنگی جاری ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں شہری ہلاک اور 20 لاکھ سے زائد بے گھر ہوچکے ہیں۔