ترکی میں ندا کس مشکل میں گرفتار ہوئیں؟، اداکارہ نے سب بتادیا!

کراچی: اداکارہ و ٹی وی میزبان ندا یاسر نے حال ہی میں اپنے ساتھ ترکی میں پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔
گزشتہ دنوں ندا یاسراپنے شوہر اداکار و ہدایت کار یاسر نواز اور بچوں کے ہمراہ چھٹیاں منانے ترکی گئی تھیں، جہاں سے انہوں نے ترکی کے خوبصورت مقامات کی سیر کرتے ہوئے تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی تھیں، تاہم ترکی میں ان کے ساتھ افسوس ناک واقعہ بھی پیش آیا تھا جس کی تفصیلات انہوں نے مداحوں کے ساتھ اپنے مارننگ شو میں شیئر کی ہیں۔


ندا یاسر نے بتایا کہ ترکی کے مختلف شہروں میں سیر کرنے کے بعد ہم استنبول آئے۔ کسی نے ہمیں بتایا تھا کہ استنبول میں بہت چوریاں ہوتی ہیں، پاکستان تو بلاوجہ میں بدنام ہے، استنبول میں بھی آپ کو اپنی چیزوں کی حفاظت کے حوالے سے محتاط رہنا پڑتا ہے۔


ندا یاسر نے بتایا کہ انہوں نے اپنی پہلی کمائی سے ہیرے کی انگوٹھیاں اور لاکٹ کا سیٹ خریدا تھا جو وہ ترکی اپنے ساتھ لے کر گئی تھیں، لیکن استنبول میں چوری ہونے کے ڈر سے انہوں نے یہ تمام زیورات اپنے بیگ میں چھپا کر ہوٹل کے روم میں موجود الماری میں رکھ دیے تھے۔ اور جب انہوں نے تین دن بعد اپنے بیگ کا جائزہ لیا تو ان کی وہ تمام جیولری وہاں سے غائب تھی۔
ندا یاسر نے بتایا کہ پاکستان آنے سے ایک روز قبل ان کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا اور رات بھر وہ ایف آئی آر کٹوانے کے لیے استنبول کے پولیس اسٹیشن میں اپنی باری کا انتظار کرتی رہیں۔ ندا یاسر نے بتایا کہ ان کا ترکی کا پورا ٹرپ بہت اچھا گزرا تھا لیکن آخری دن ان کے ساتھ یہ حادثہ ہوگیا۔
اس کے علاوہ ندا یاسر کی بہن کا موبائل بھی ترکی میں چوری ہوگیا تھا لہٰذا انہوں نے تمام لوگوں کو ہدایت کی کہ ترکی جائیں تو اپنے سامان کی حفاظت کریں۔
ندا یاسر نے بتایا کہ ترکی کے پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر کٹوانے کے بعد وہ پاکستان واپس آگئیں لیکن انہیں ابھی تک ان کی جیولری واپس نہیں ملی جو استنبول کے ہوٹل سے چوری ہوگئی تھی، لہٰذا انہوں نے کہا کہ وہ ترک سفارت خانے سے درخواست کریں گی کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں اور ان کا چوری ہونے والا سامان واپس دلوانے میں ان کی مدد کریں۔

HolidaysNida yasirRobbed in turkeyYasir Nawaz