کراچی: اداکارہ اور میزبان ندا یاسر نے شوہر اداکار یاسر نواز کے دوسرے شادی کے حوالے سے اپنے خیالات ظاہر کیے ہیں۔
گزشتہ دنوں قبل یاسر نواز نے اہلیہ ندا اور بھائی دانش نواز کے ساتھ نئے پوڈکاسٹ کی ویڈیو شیئر کی تھی۔
دوران شو اہلیہ کی گفتگو پر یاسر نواز نے کہا تھا کہ میرا تو مطالبہ ہے کہ حکومت ایسا قانون بنائے جس کے تحت بیوی ہر 15 سال بعد اپنے شوہر کی نئی شادی کروائے جو ضروری ہے اور اگر بیوی یہ نہ کروائے تو اس جرم میں بیوی کو جیل ہونی چاہیے۔
ندا یاسر نے شوہر کے مطالبے پر ردعمل دیا تھا کہ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں، یاسر اپنے ہر انٹرویو میں یہی بات کرتا ہے۔
تاہم اب اس بیان سے متعلق ایک پوڈکاسٹ انٹرویو کے دوران جب میزبان فیصل قریشی نے ندایاسر سے سوال کیا تو اس کے جواب میں ندا یاسر کا کہنا تھا کہ یاسر ایسی باتیں مستی میں کرتے ہیں اگر وہ سنجیدہ ہوتے تو میں ان کو ایسا نہیں کرنے دیتی، اگر ہم مستی مذاق کی باتوں کو پکڑلیں گے تو کوئی فائدہ نہیں۔
ندا نے مزید کہا کہ اگر یاسر بڑھاپے میں کبھی دوسری شادی کرنا چاہیں تو میں کچھ نہیں کرسکتی کیوں کہ آنے والے وقت کی کوئی بھی انسان پیش گوئی نہیں کرسکتا۔
اس پر فیصل قریشی نے کہا کہ یاسر عقل مند ہے وہ دوسری شادی نہیں کرسکتا، کوئی بھی عقل مند آدمی دوسری شادی کا رسک نہیں لے سکتا، دوسری شادی کے بعد مرد کی زندگی خراب ہوجاتی ہے، لہٰذا بہتر ہے کہ مرد ایک شادی کے ساتھ اپنی زندگی میں خوش رہے۔