ندا یاسر نے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے متعلق بیان پر معافی مانگ لی

کراچی: ندا یاسر نے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔
نامور ٹی وی مارننگ شو کی ہوسٹ اور اداکارہ ندا یاسر نے گزشتہ دنوں فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے متعلق بیان دیا تھا، جس پر رائیڈرز میں شدید غم و غصہ پایا جاتا تھا اور وہ اس پر شدید احتجاج کرتے نظر بھی آئے۔ اُن کی جانب سے کہا گیا کہ ہم اتنی محنت و مشقت سے اہل خانہ کے لیے روزی کماتے ہیں، کسی کو حق نہیں کہ ہمارے متعلق اس قسم کا بیان دے۔
یہ معاملہ پچھلے چند روز سے مستقل زیر بحث ہے، سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے خاصا ہنگامہ دیکھنے میں آیا۔
ندا یاسر نے اپنے شو کے دوران فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے متعلق اپنے بیان پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میرا یہ بیان تمام فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے متعلق نہیں تھا۔ اکثر بہت محنت سے روزی کمارہے ہیں اور وہ ہر لحاظ سے قابل قدر ہیں۔ میں سترہ سال سے شو کررہی ہوں۔ میرا مقصد کبھی بھی کسی کا دل دُکھانا نہیں رہا، مجھ سے لفظوں کے چنائو میں غلطی ہوگئی۔ میرا کچھ رائیڈرز سے واسطہ پڑا ہے، میں اُن کے متعلق کہنا چاہتی تھی۔ میں اپنی غلطی تسلیم کرتی ہوں اور فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز بھائیوں سے معافی چاہتی ہوں۔

ActressApologizeFood Delivery RidersNida yasirStatementTV host