کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ ہفتے سے مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مون سون بارش سے پہلے آندھی چل سکتی ہے جس سے 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 6 سے 8 جولائی کی صبح تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے جب کہ گرد آلود ہوا اور گرج چمک کے ساتھ معتدل بارش کا آغاز 6 جولائی کی رات سے ہوسکتا ہے، 7 جولائی کو کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے جس سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 6 جولائی کی صبح مون سون سسٹم مشرقی سندھ میں داخل ہوسکتا ہے، جس سے تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، حیدرآباد اور میرپور خاص میں گرد آلود ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے38 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے البتہ کل کے مقابلے میں آج شہر کا درجہ حرارت ایک سے 2 ڈگری کم ہونے کا امکان ہے اور شہر میں آج شام سے معمول کے مطابق سمندری ہوائیں چلیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بحیرۂ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ اومان کے ساحل کی جانب بڑھ گیا۔