لاہور: شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خبر یہ ہے کہ آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، پی سی بی نے کیوی ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم آئندہ ماہ 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی، اس دوران مہمان ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، یہ میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز میں شامل تمام 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، جو 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
نیوزی لینڈ وہ پہلی ٹیم ہوگی جو پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ کے لیے ترتیب دیے گئے بمپر کرکٹ سیزن 22-2021 میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
دھیان رہے کہ آخری بار نیوزی لینڈ کی ٹیم اسٹیفن فلیمنگ کی قیادت میں نومبر 2003 میں پاکستان آئی تھی، جس میں کیوی ٹیم نے 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔
2003 کے بعد پاکستان اب تک تین مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کرچکا، تاہم یہ تمام مقابلے متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے۔
نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کراچی پہنچے گی جب کہ آسٹریلیا کو بھی آئندہ سال فروری/ مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔