کولکتہ: گرمی کی شدت انتہا پر ہے اور بھارت میں کئی علاقوں میں پارہ 40 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرچکا اور اسی دوران ٹی وی چینل دوردرشن کی اینکر لوپامدرا سنہا ہیٹ ویو کی خبر براہ راست پڑھتے پڑھتے بے ہوش ہوگئیں۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دوردرشن کولکتہ بیورو کی اینکر لوپامدرا سنہا موسم کی خبر پڑھ رہی تھیں اور بے ہوش ہونے سے قبل ان کی زبان لڑکھڑا رہی تھی اور ان کی آواز غیر واضح ہورہی تھی۔
ہیٹ ویو کے بدترین سلسلے کے دوران ٹی وی اینکر لوپامدرا سنہا براہ راست خبریں پڑھتے ہوئے بلڈپریشر کم ہونے پر کیمرے کے سامنے ہی بے ہوش ہوگئیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں لوپامدرا سنہا نے کہا کہ میرے سامنے ٹیلی پرومیٹر دھندلا گیا اور اندھیرا چھا گیا اور میں اپنی کرسی سے گر گئی۔
انہوں نے کہا کہ وہ بدترین ہیٹ ویو کی وجہ سے بے ہوش ہوئی تھیں کیونکہ ان کا بلڈ پریشر اچانک کم ہوگیا تھا اور شہر میں گرمی کی شدت زیادہ تھی اور اسٹوڈیو کے اندر بھی کولنگ سسٹم میں کسی خرابی کی وجہ سے بہت زیادہ گرمی تھی۔