اسلام آباد: مرکزی حکومت نے ایف بی آر کی چیئرپرسن نوشین امجد کو عہدے سے ہٹاکر محمد جاوید غنی کو چیئرمین تعینات کردیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پاکستان کسٹمز کے گریڈ 22 کے ممبر کسٹمز پالیسی جاوید غنی کو تین ماہ کے لیے چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے چیئرمین ایف بی آر تعیناتی کی منظوری دی۔ محمد جاوید غنی ایف بی آر بورڈ کے ممبر کسٹم پالیسی تھے۔ وہ ریگولر چیئرمین ایف بی آر کی تعیناتی تک فرائض سرانجام دیں گے۔
نوشین جاوید امجد کو چیئرپرسن ایف بی آر کے عہدے سے ہٹاکر سیکریٹری نیشنل ہیری ٹیج اینڈ کلچر ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے چیئرمین ایف بی آر کے لیے موجودہ ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن ڈاکٹر اشفاق احمد اور وزارت خزانہ کے ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ احمد مجتبیٰ میمن کے نام زیر غور ہیں۔
اپریل میں گریڈ 22 کی افسر نوشین جاوید امجد کو شبر زیدی کی جگہ چیئرپرسن ایف بی آر تعینات کیا گیا تھا۔ ان سے قبل شبر زیدی نے طبی بنیادوں پر عہدے پر کام جاری رکھنے سے معذرت کرلی تھی۔
نوشین امجد کی تعیناتی کے وقت بھی نئے چیئرمین ایف بی آر کے لیے محمد جاوید غنی کا نام زیر غور آیا تھا تاہم قرعہ فال نوشین امجد کے نام نکلا۔