قومی اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا، اسپیکروڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل ہوگا

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا، جس کے بعد اجلاس کل صبح 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا، حلف برداری کے بعد سنی اتحاد کونسل کی جانب سے نعرے لگائے گئے۔
افتتاحی اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق افتتاحی اجلاس کے آغاز پر تلاوت کلام پاک، حمد و ثناء اور قومی ترانہ پڑھا گیا، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔
وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی ہفتے کو دن 2 بجے تک جمع ہوں گے اور کاغذات کی اسکروٹنی تین بجے ہوگی۔
حلف اُٹھانے کے بعد نامزد اسپیکر سردار ایاز صادق، ڈپٹی اسپیکر، آصف زرداری، بلاول بھٹو، نواز شریف، نامزد وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اراکین نے رول ممبرز پر دستخط کیے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور لیگی رہنما مریم اورنگزیب بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود تھیں۔
آزاد اراکین نے بانی پی ٹی آئی کے ماسک پہن کر ایوان میں احتجاج کیا، آزاد امیدوار پی ٹی آئی کے جھنڈے بھی ایوان میں لے آئے۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اراکین نے اسپیکر نشست پر کھڑے ہوکر بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے لگائے۔
سردار ایاز صادق نے اسپیکر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے۔ سیکریٹری قومی اسمبلی نے ایوان کے اندر ہی کاغذات نامزدگی وصول کیے۔
سنی اتحاد کونسل کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے ملک عامر ڈوگر جب کہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے جنید اکبر خان کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔
پارلیمنٹ ہاؤس جانے والے راستوں پر سیکیورٹی انتہائی سخت کی گئی۔ ریڈزون میں داخلے کے لیے سرینا چوک، نادرا چوک اور ڈی چوک والے راستے بند ہیں جب کہ ریڈزون میں داخلے کے لیے مارگلہ روڈ کا راستہ کھلا رکھا گیا ہے۔
ریڈزون جانے والے راستوں پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ہے، گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کے بعد ریڈزون میں داخلے کی اجازت دی گئی۔

Deputy Speaker Election TomorrowNational assembly meetingoathspeaker