دورہ نیوزی لینڈ: ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا، جس میں شاہین شاہ آفریدی بطور کپتان فرائض سرانجام دیں گے۔
دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، فخر زمان، محمد رضوان، صائم ایوب، حسیب اللہ خان، محمد نواز، افتخار احمد، حارث رؤف، زمان خان، عامر جمال، اعظم خان، عباس آفریدی، صاحبزادہ فرحان، ابرار احمد، اسامہ میر اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے دوران انجری کا شکار ہونے والے لیگ اسپنر شاداب خان کو آرام کے لیے مزید 2 ہفتے درکار ہیں، وہ اپنا ری ہیب جاری رکھے ہوئے ہیں جب کہ نوجوان وکٹ کیپر محمد حارث کو بھی دورہ نیوزی لینڈ کے دوران آرام کروایا گیا ہے۔
وکٹ کیپرز کی دورہ نیوزی لینڈ میں شامل کرنے کے حوالے سے وہاب ریاض نے کہا کہ ڈومیسٹک اور لیگز میں پرفارمنس دینے کے بعد کرکٹرز کو منتخب کیا ہے، اعظم خان کو فٹنس کے حوالے سے کام کرنے کا کہا ہے لیکن ان کی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے 17 رکنی اسکواڈ میں جگہ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر میں خوشدل شاہ، محمد آصف اور شعیب ملک کو ماضی میں موقع ملا، تاہم وہ فائدہ اُٹھانے میں ناکام رہے، اب کوشش کریں گے بیک اَپ تیار کریں تاکہ ورلڈکپ سے قبل ہمارے پاس ٹیم کمبی نیشن موجود ہو۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ احسان اللہ، شاداب خان، محمد حسنین، نسیم شاہ یہ چاروں اَن فٹ تھے اور وہ ہمارے پلانز کا حصہ ہیں، ہم ان پر انجری سے واپس آتے ہی لوڈ نہیں ڈالنا چاہتے، اس لیے نوجوان کرکٹر کو موقع دیا ہے، البتہ احسان اللہ انجری سے مکمل ری کور نہیں کرسکے ہیں، اس لیے وہ شاید پی ایس ایل کا حصہ نہ ہوں۔
وہاب ریاض نے کہا کہ ٹی 20 کے ٹاپ پرفارمرز کے لیے ایک کیمپ لگائیں گے، جس میں کامران غلام، عمیر بن یوسف، احمد شہزاد، محمد حارث، شہاب خان، محمد عمران، محمد عامر خان اور عارف یعقوب شامل ہیں۔

 

Pakistan cricket teamT20 SeriesTour of New Zealand