ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا آرڈرن اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئیں، انہوں نے مستعفی ہونے کا اعلان پارٹی کے سالانہ اجلاس کے دوران کیا، تاہم وہ 7 فروری تک اس عہدے پر خدمات انجام دیں گی۔
نیوزی لینڈ کی 42 سالہ وزیراعظم جیسینڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ میں نے موسم گرما کے وقفے کے دوران اس بات پر غور کیا تھا کہ آیا میرے پاس وزیراعظم کا منصب جاری رکھنے کی توانائی موجود ہے یا نہیں، لیکن اب اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ ایسا نہیں اور ایسے حالات میں میرا اپنی پوزیشن پر کام جاری رکھنا نیوزی لینڈ کے حق میں ضرر رساں ہوسکتا ہے۔
2017 میں منتخب ہونے کے بعد جیسینڈا آرڈرن نے 37 سال کی عمر میں دنیا کی کم عمر ترین وزیراعظم ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا جب کہ وہ پاکستان کی سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کے بعد دنیا کی دوسری لیڈر تھیں، جنہوں نے وزارت عظمیٰ کے منصب کے وقت بچے کو جنم دیا تھا۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا آرڈرن 7 فروری تک فرائض سرانجام دیں گی جب کہ نیوزی لینڈ میں عام انتخابات اس برس اکتوبر میں ہوں گے۔