نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح، پہلی پرواز کی لینڈنگ

گوادر: نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ آج سے فعال ہوگیا جب کہ پہلی پرواز بھی لینڈ کرگئی۔
ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی فعالیت سے متعلق افواہوں کو بے بنیاد قراردے دیا۔
ترجمان پی اے اے نے اپنے بیان میں کہا کہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ طے شدہ شیڈول کے مطابق آج 20 جنوری کو فعال ہوگیا، لہٰذا بارشوں کے باعث نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آپریشنلائزیشن منسوخی کی خبریں بے بنیاد ہیں، لوگ افواہوں پر کان نہ دھریں اور معلومات کے لیے صرف مصدقہ ذرائع پرانحصار کریں۔
کراچی سے پہلی پرواز گوادر ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی، جس کا استقبال گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کیا، قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 503 نے 11:14 بجے نیو گوادر ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔
قومی ایئرلائن نے گوادر کی پرواز کے لیے حسب سابق اے ٹی آر طیارہ استعمال کیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے اس پرواز کی روانگی میں 45 منٹ تاخیر کی گئی، پرواز صبح 9:14 کے بجائے 10 بجے روانہ ہوئی، کراچی سے گئی پہلی پرواز کو نیو گوادر ایئرپورٹ پر اترنے پر واٹر سلیوٹ دیا گیا۔
گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا ہوائی اڈا ہے جو 430 ایکڑ پر گوادر شہر سے 26 کلومیٹر دور گورنڈانی کے مقام پر قائم کیا گیا ہے۔
نیو گوادر ایئرپورٹ کا ایک ہی رن وے 3658 میٹر طویل اور 75 میٹر چوڑا ہے جس میں بڑے ہوائی جہاز کو ایڈجسٹ کرنے کی گنجائش ہے۔ لگ بھگ 50 ارب روپے مالیت سے تعمیر کردہ ایئرپورٹ پر ایئر بس اے 380 اور بوئنگ 747 جیسے بڑے طیارے بھی لینڈ کرسکیں گے۔
نیو گوادر ایئرپورٹ کا علامتی افتتاح 14 اکتوبر 2024 کو وزیراعظم شہباز شریف نے کیا تھا تاہم ایئرپورٹ پر پروازوں کی باقاعدہ لینڈنگ آج سے شروع ہوگئی ہے۔

First Flight LandinginaugurationKarachi to GwaderNew Gwader International Airport