کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کے رجسٹرڈ قبرستانوں میں تدفین کے لیے سرکاری نرخ مقرر کردیا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ قبرستانوں میں تدفین کے لیے 14 ہزار 300 روپے نرخ مقرر کردیا ہے، تمام رجسٹرڈ قبرستانوں میں مقررہ نرخ کے بینرز بھی لگادیے گئے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا قبرستانوں میں کام کرنے والوں کو مقررہ نرخ کے تحت کام کرنےکا پابند کیا ہے، اگر کسی نے مقررہ نرخ سے زائد رقم لی تو سخت کارروائی ہوگی، شہری قبرستان میں تدفین کے لیے مقررہ 14300 روپے سے زائد ادا نہ کریں، زائد رقم وصول کرنے والوں کے خلاف شکایت 1339 پر درج کرائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ قبریں مسمار کرنے والی مافیا کے خلاف بھی فیصلہ کن کارروائی شروع کردی ہے، کسی کو بھی کے ایم سی کی رجسٹریشن کے بغیر قبرستان میں کام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔