نئی دہلی: پُراسرار وبا کے ڈیروں کے باعث بھارت میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع بلدھانا کے 3 گاؤں بورگاؤ، کلود اور ہنگنا میں ایک انجانی وبا پھوٹ پڑی۔
اس پُراسرار بیماری کے شکار شہریوں کے بال تیزی سے گرنے لگتے ہیں اور وہ صرف 7 روز کے اندر مکمل گنجے ہوجاتے ہیں۔
اب تک مکمل گنجے ہونے کے 50 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ بغیر کسی وجہ کے مسلسل بال گرنے کی شکایت کرنے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
اس پُراسرار بیماری کے بارے میں جاننے کے لیے طبی ماہرین سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔ متاثرہ لوگوں کے خون، جلد اور بال کے نمونے جمع کیے گئے ہیں۔
فی الحال بیماری کی فوری وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایسا پانی کی آلودگی یا کسی الرجی کے باعث ہوسکتا ہے۔
حتمی وجہ ٹیسٹ کے نتائج سامنے آنے کے بعد ہی بیان کی جاسکتی ہے۔