نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کورونا وبا کے کیسز بڑھنے کے بعد 26 اپریل تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق دہلی میں انفیکشن کی شرح بڑھ کر 30 فیصد ہوگئی اور دہلی کے اسپتالوں میں بیڈ اور آئی سی یو کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔
دہلی حکومت کے سب سے بڑے لوک نائک اسپتال میں نہ تو عام بستر اور نہ ہی آئی سی یو بستر خالی ہے۔ کورونا مریض تمام اسپتالوں میں کھڑے ہیں۔
اس صورت حال میں دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے پیر کو لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل سے ملاقات میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔
لاک ڈاؤن کے دوران نئی دہلی میں تمام مارکیٹیں بند رہیں گی اور ریستوران میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ ریلوے اسٹیشن، بس اسٹیشن، ہوائی اڈے کے لیے مسافروں کو ٹکٹ دکھانا لازمی ہوگا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس دوران کسی ضروری کام کے بغیر باہر نکلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اتوار کو اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی کے اسپتالوں میں 100 کے قریب بستر باقی ہیں۔
تاہم، اسپتالوں کے علاوہ ریاستی حکومت کی جانب سے بنکویٹ ہال اور اسپورٹس کمپلیکس میں بستروں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں کورونا کی یہ دوسری لہر ہے جس کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ چار روز سے روزانہ 2 لاکھ سے زائد کورونا کیسز سامنے آرہے ہیں۔
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بھی 1625 رہی۔