نئی دہلی: پاک بھارت واہگہ اٹاری بارڈر پر پھنسے پاکستانی جوڑے نے بچے کی پیدائش پر اس کا نام ہی ‘بارڈر’ رکھ دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیمبو بائی اور بالم رام کا تعلق پنجاب کے شہر راجن پور سے ہے۔
بالم رام نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ وہ لاک ڈاؤن سے قبل 98 دیگر شہریوں کے ساتھ اپنے رشتے داروں سے ملنے کے علاوہ یاترا پر بھارت آئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اپنے ملک پاکستان واپسی پر مشکلات کا سامنا رہا کیونکہ مطلوبہ دستاویزات موجود نہ ہونے کی وجہ سے وہ فی الحال گھر نہیں جاسکتے۔
بالم رام کے مطابق ان کے گھر 2 دسمبر کو بارڈر پر ہی بچے کی پیدائش ہوئی، جس پر اس کا نام ہی ’بارڈر‘ رکھ دیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایک اور پاکستانی شہری لگارام کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام بھارت رکھا گیا تھا، لگا رام 2020 میں اپنے بھائی سے ملنے بھارت کے شہر جودھ پور گیا تھا اور تاحال وطن واپس نہیں آسکا۔