نیپالی کوہ پیماؤں نے کم ترین وقت میں کے ٹو سر کرکے عالمی ریکارڈ بناڈالا

اسلام آباد: نیپال سے تعلق رکھنے والے 2 کوہ پیماؤں نے (8 ہزار 611 میٹراونچی) دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو 15 گھنٹے سے بھی کم وقت میں سر کر کے عالمی ریکارڈ بناڈالا۔
پاکستان کے ایک انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق تیسرنگ شیرپا نے بیس کیمپ سے 12 گھنٹے 20 منٹ میں چوٹی سر کی جب کہ منگما ڈیوڈ شیرپا نے 14 گھنٹے 22 منٹ میں یہ کارنامہ سرانجام دیا۔
تیسرنگ شیرپا نے بدھ کی شام 4 بج کر 30 منٹ پر چوٹی کی جانب اپنا سفر شروع کیا اور جمعرات کی صبح 4 بج کر 50 منٹ پر انہوں نے چوٹی کو سر کرلیا، انہوں نے چوٹی کی جانب سفر شروع کرنے اور بیس کیمپ تک واپس آنے کا کارنامہ مجموعی طور پر 20 گھنٹے اور 18 منٹ میں سرانجام دیا۔
امیجن نیپال مہم جو ٹیم کے رہنما منگما جی شیرپا نے سیٹلائٹ کے ذریعے پاکستانی اخبار کو بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی کوہ پیما نے 12 گھنٹے میں قدرت کے شاہکار پہاڑ کے ٹو کو سر کیا۔
امیجن نیپال کی ٹیم سے تعلق رکھنے والے تیسرنگ شیرپا نے 9 اپریل کو 8 ہزار 167 میٹر بلند چوٹی دھولاگیری، 7 مئی کو 8 ہزار 586 میٹر بلند چوٹی کنچن جنگا، 16 مئی کو 8 ہزار 848 میٹردنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کیا تھا، انہوں نے تیسری مرتبہ کے ٹو سر کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔

K-2 mountMinimum timeNepali Mounterworld record