نہال ہاشمی کے بیٹے پولیس سے جھگڑنے، تشدد کرنے پر گرفتار

کراچی: نہال ہاشمی کے دو بیٹوں کو پولیس اہل کاروں سے جھگڑے، ان پر تشدد کرنے اور مغلظات بکنے کے الزامات میں لاک اپ کردیا گیا، واقعہ کے خلاف لیگی کارکنان نے تھانے کے باہر احتجاج کیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق جمعہ کی شب ملیر سعود آباد کے علاقے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی کے بیٹے نصیر نہال اپنی گاڑی میں جارہے تھے کہ ان کی گاڑی ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی، جس پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ اس دوران پولیس وہاں پہنچی تو پولیس کے ساتھ ان کی تلخ کلامی ہوگئی، جس پر پولیس انہیں تھانے لے آئی۔

نہال ہاشمی کے بیٹوں کے تشدد کا شکار پولیس اہلکار


پولیس حکام کے مطابق نہال ہاشمی کے بیٹے نصیر نہال کا کسی سے جھگڑا ہو رہا تھا، اسی دوران ایس ایچ او سعود آباد موقع پر پہنچ گئے، ایس ایچ او نے اہلکاروں کو معاملہ جاننے کے لیے بھیجا تو نصیر نہال نے پولیس اہلکاروں کو گالیاں دیں اور دھمکیاں دیں، جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نصیر نہال کو تھانے لائی تو نہال ہاشمی اور ان کی اہلیہ تھانے پہنچ گئے۔


انہوں نے کہا کہ پولیس نے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کے احترام میں لچک دکھائی تو سینیٹر کے دونوں بیٹے مزید بدتمیزی کرنے لگے اور ان دونوں نے تھانے میں پولیس اہلکاروں کو تھپڑ مارے، ان پر تشدد کیا اور ان کی وردیاں پھاڑ دیں۔ ایس ایس پی کے مطابق پولیس نے ان کے اس عمل پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں بیٹوں کو لاک اپ کردیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے کارکنان وہاں پہنچے اور تھانے کے باہر جمع ہو کر احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہاں جھگڑا موٹر سائیکل کے حادثے کے باعث پیش آیا تھا اور جھگڑے کے دوران پولیس پہنچ گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہیں اندر نہیں جانے دیا جارہا ہے۔

arrestSonsنہال ہاشمی