اسلام آباد: کورونا وائرس کی نئی لہر میں کیسز تیزی کے ساتھ بڑھنے پر این سی او سی نے ایس او پیز جاری کردیے۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق این سی او سی نے سرکاری دفاتر کے لیے کورونا ایس او پیز جاری کیے ہیں جس کے تحت دفتر سمیت ہر جگہ بیٹھنے کے دوران سماجی فاصلہ رکھا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ عبادت اور نمازوں کے دوران بھی سماجی فاصلہ یقینی بنایا جائے جب کہ دفاتر کے داخلی راستوں اور واش رومز میں ہینڈ سینیٹائزرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ تمام دفاتر اور عمارتوں کے داخلی راستوں پرلوگوں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے، کورونا کی علامات رکھنے والوں کو دفاتر اور عمارتوں میں داخل نہ ہونے دیا جائے جب کہ نزلہ، زکام اور سانس لینے میں مشکل کی صورت میں کورونا کی تشخیص کے لیے پی سی آر یا اینٹی جن ٹیسٹ کروائے جائیں۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق این سی اوسی کی طرف سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے طریقہ کار پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کی شرح ساڑھے 4 فیصد کے قریب ریکارڈ کی گئی ہے۔