کورونا وبا، این سی او سی کا ملک میں نئی پابندیوں کا اعلان

اسلام آباد: این سی او سی نے ملک میں کورونا کے حوالے سے نئی پابندیوں کا اعلان کردیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ساتھ پریس بریفنگ دی۔
اسد عمر نے کہا کہ 30 ستمبر کے بعد اسکول اور ٹرانسپورٹیشن میں مکمل ویکسی نیشن کے بغیر کام نہیں کیا جاسکے گا جب کہ مکمل ویکسی نیشن نہ کرانے والے افراد فضائی سفر بھی نہیں کرسکیں گے۔
این سی او سی سربراہ کا کہنا تھا کہ 30 ستمبر کے بعد سے مکمل ویکسی نیشن کے بغیر نہ کوئی ملک میں آسکے گا اور نہ جاسکے گا، شاپنگ مالز، ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز میں بھی یہ پابندیاں نافذ ہوں گی۔
سربراہ این سی او سی نے مزید کہا کہ شادی کی تقریبات میں بھی 30 ستمبر کے بعد بغیر مکمل ویکسی نیشن شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
اسد عمر نے مزید بتایا کہ 17 سال اور اس سے زیادہ عمر کے طلبہ کے لیے 15 ستمبر تک ویکسین کی کم سے کم ایک ڈوز لگانا لازمی ہے، بصورت دیگر وہ بھی تعلیمی اداروں میں نہیں جاسکیں گے لہٰذا والدین اپنے بچوں کی ویکسی نیشن ضرور کرائیں کیونکہ 15 اکتوبر کے بعد مکمل ویکسی نیشن کے بغیر تعلیمی اداروں میں داخلہ بند ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ریل، بس اور میٹروز سمیت دیگر پبلک ٹرانسپورٹ میں 15 ستمبر تک ویکسین کی ایک ڈوز لازمی ہے جب کہ 15 اکتوبر تک دونوں ڈوز نہیں لگوائی گئیں تو ٹرانسپورٹ کا ایسا عملہ اور شہری بھی ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے کے اہل نہیں ہوں گے، اس کے علاوہ طلبہ کے ٹرانسپورٹیشن عملے کے لیے 31 اگست تک ویکسی نیشن لازمی ہے۔
اسد عمر نے بتایا کہ موٹرویز اور ہائی ویز پر بھی 15 ستمبر سے پہلی ڈوز اور 15 اکتوبر کے بعد دونوں ڈوز کی پابندی ہوگی۔

Asad umarDr Faisal SultanFederal GovtNCOCNew sanctionsPress conference