شارجہ: سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں محمد نواز کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پاکستان نے افغانستان کو75 رنز سے شکست دے دی۔
شارجہ میں کھیلے گئے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بلے باز لمبی اننگز نہ کھیل سکا، قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 141 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 27، محمد نواز نے 25 اور سلمان آغا نے 24 رنز بنائے۔
افغانستان کے راشد خان نے 3، نور احمد اور فضل الحق فاروقی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
142 رنز کے ہدف کے جواب میں افغان ٹیم محمد نواز کی تباہ کن بولنگ کی بدولت 15 اعشاریہ 5 اوور میں 66 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
محمد نواز نے فائنل میچ میں افغانستان کے خلاف نہ صرف ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوور میں 19 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
محمد نواز نے دو اوور میں ہیٹ ٹرک مکمل کی، انہوں نے چھٹے اوور کی پانچویں گیند اور چھٹی گیند پر وکٹ حاصل کی اور پھر آٹھویں اوور کی پہلی گیند پر وکٹ حاصل کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
محمد نواز کے علاوہ سفیان مقیم اور محمد ابرار نے 2،2 اور شاہین آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
افٖغانستان کی جانب سے کپتان راشد خان 17رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
تین ملکی سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے جیت سیلاب متاثرین کے نام کردی جب کہ کپتان سلمان علی آغا اور شاہین آفریدی نے سیریز کے تمام میچوں کی فیس بھی فلڈ ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا۔