وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف نے واپس نہیں آنا، وہ واپس آئیں میں انہیں ٹکٹ دینے کو تیار ہوں۔
راولپنڈی میں نالہ لئی منصوبے کے منظوری کے بعد علاقے کے دورے پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک ہزار میٹر تک کسی کو پریشان یا بے دخل نہیں کریں گے لوگ اپنے پلازیں بنائیں یا عمارتیں نقشہ ہم دیں گے تاکہ غربت ختم ہو سکے اور عمران خان کا ایجنڈا ہے کہ ملک سے غربت ختم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ نالہ لئی کا منصوبہ منظور ہوگیا ہے، شاید میری زندگی میں ہی نالہ لئی مکمل ہوجائے گا اور اس ملک کی تاریخ بدل جائے گی ہزارہ کالونی، دھو کرتا، پیر ودھائی سمیت دیگر علاقوں کے مکینوں نے غربت میں زندگی گزاری یہ اپنے پلازے بنا سکتے ہیں، انہیں نقشے ہم دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں کسی کو بے دخل نہیں ہونے دیں گے، ہمارے ملک میں قبضہ مافیا زیادہ ہے ہم نے تمام شہروں میں قبضہ مافیا کو کمزور کیا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہر پارٹی یہ ہی چاہتی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اس کے سر پر ہاتھ رکھیں لیکن اسٹیبلشمنٹ کا فیصلہ یہ ہے کہ وہ منتخب حکومت کے ساتھ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نالہ لئی پہلا منصوبہ ہوگا جس میں پرائیویٹ پارٹنر شپ میں 80 ارب روپے خرچ ہوں گے، اور اگر اس منصوبے میں کام آہستہ ہوا تو میں اپنا ڈیرہ نالہ لئی میں بنا لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف واپس آتا ہے آئے نہیں آتا نہ آئے، ہم عمران خان کی قیادت میں انتخابات لڑیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں نے پچاس سال حکومت کی ہے اور یہ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں کہ اس شہر میں ہم نے کسی بدمعاش کو سر اٹھا کر چلنے نہیں دیا، اس شہر میں غریب کی حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپوزیشن سے درخواست کی ہے کہ 23 مارچ کی جگہ 30 مارچ کو اسلام آباد کا رخ کریں کیونکہ اس دوران بہت اہم مہمان آرہے ہیں اور پاکستان میں پہلی بار جے ایس ٹین کی فلائنگ پاس ہورہی ہے، پاکستان ائیر فورس ریفل کے مقابلے میں جے ایس ٹین چین کے جہاز سے فلائنگ پاس کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن 30 مارچ کو اسلام آباد آئے اور قانون کو ہاتھ میں نہ ورنہ ہمیں بھی قانون کارروائی کرنی پڑے گی۔
عمران خان آئندہ الیکشن بھی لڑیں گےاور ہم ان کے ساتھ ہوں گے، کسی کے کہنے سے کچھ نہیں ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اب فضل الرحمٰن نہیں کہیں گے کہ میں نے الیکشن میں حصہ نہیں لینا یا اسمبلیوں سے استعفیٰ دے دیں گے، الیکشن ہار جیت کا نام ہے، میں نے ساری زندگی تمام علمائے اکرام کا احترام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انشااللہ پانچویں سال میں عمران خان مہنگائی ختم کرے گا۔
ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف بتائیں کس دن آنا چاہتے ہیں میں شیخ ہونے کے باوجود ان کو ٹکٹ، ویزہ اور پاسپورٹ دینے کو تیار ہوں۔
منی بجٹ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ منی بجٹ اس لیے منظور ہوگا کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ روپے اور ڈالر کی قیمت پر کنٹرول کیا جائے، جب آئی ایم ایف فنڈز دیتا ہے تو ورلڈ بینک اور دوسرے ادارے امداد کرتے ہیں، پانچ سال حکومت پورے کریں گے۔