نواز شریف سے قانون کے مطابق سلوک ہوگا، نگراں وزیر داخلہ

اسلام آباد: نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی گرفتاری پر دیے جانے والے بیان سے متعلق وضاحت پیش کردی۔
سرفراز بگٹی کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا، نگراں حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، یہ بات خوش آئند ہے کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا ایک بڑا حصہ نواز شریف کو خوش آمدید کرنے کی تیاریوں میں مشغول ہے اور وطن واپسی پر نواز شریف سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔
نگراں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چہ میگوئیوں اور مفروضوں سے باہر نکل کر معاملات کو حقیقت کے آئینے سے دیکھنا ہوگا، نگراں حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام کرے گی۔
حال ہی میں دیے گئے بیان میں نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا تھا کہ نوازشریف کو عدالت سے ضمانت نہ ملی تو گرفتار کریں گے، میرے خیال میں نواز شریف خود بھی گرفتار ہونا ہی چاہیں گے، ایک ملزم کو جہاز سے گرفتار کرنے کے لیے کوئی بڑی فورس نہیں چاہیے ہوتی۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان کو حد سے تجاوز قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرفراز بگٹی بیان دینے سے پہلے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں، نواز شریف کے خلاف سازش کا خمیازہ عوام اور ملک نے بھگتا ہے، نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیس بناکر ملک اور عوام کے ساتھ دشمنی کی گئی۔

 

interior ministerSarfaraz BugtiTalk about Nawaz Sharif