اسلام آباد: میاں نواز شریف کی شیخوپورہ میں ضبط شدہ جائیدادیں 20 مئی کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی شیخوپورہ میں ضبط شدہ جائیدادیں نیلام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے ڈی سی شیخوپورہ نے بولی کی تاریخ 20 مئی مقرر کردی ہے۔
دوسری جانب ڈی سی شیخوپورہ کی بولی کے لیے تاریخ مقرر کرنے کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے، درخواست گزار اشرف ملک کا کہنا ہے کہ شیخوپورہ کی 88 کنال اراضی نواز شریف سے خرید چکا ہوں، نواز شریف کو 75 ملین روپے کی ادائیگی بھی کی جاچکی، تاہم نواز شریف کی گرفتاری کے باعث سیل ڈیڈ پر عمل درآمد نہ ہوسکا، سیل ڈیڈ پر عمل درآمد کے لیے سول کورٹ سے رجوع کررکھا ہے لہٰذا ڈی سی شیخوپورہ کو زرعی اراضی کی نیلامی سے روکا جائے۔