کراچی: شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے، میاں صاحب نے دھواں دھار تقریر نہیں کی، مسائل بیان کیے ہیں، یہ حکومت کیسے آئی سب کو پتا چل گیا ہے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی اے پی سی میں نواز شریف نے دھواں دھار تقریر نہیں کی، مسائل بیان کیے ہیں، یہ ہائبرڈ حکومت ہے جو ناکام ہوچکی ہے، حکومت کیسے آئی ہے سب کو پتا چل گیا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیب کورٹ میں آج بھی پیشی ہوئی، نیب نے ملک کو مفلوج کردیا ہے اور لوگوں کی زندگیاں تباہ کررہا ہے، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی ججمنٹ کے بعد نیب کی کارکردگی کھل گئی، نیب صرف سیاست دانوں کے خلاف کیسز بنارہا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ کمرہ عدالت میں کیمرہ لگاکر عوام کو دکھایا جائے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بدنیتی پر مبنی بل منظور کرائے گئے جس کا فیٹف سے کوئی تعلق نہیں، ہماری روایات کچھ قانون سے ہٹ کر بن گئی ہیں، نیب میں پہلے ہی اینٹی منی لانڈرنگ کا قانون موجود ہے، بل میں حکومت کسی کا بھی کمپیوٹر ہیک کرسکتی ہے۔
اس سے قبل کراچی کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی، تاہم عدالت میں موجود کمپیوٹر خراب ہوگیا، عدالتی کمپیوٹر میں ٹیکنیکل مسائل کے باعث گواہ کا بیان ریکارڈ نہ ہوسکا اور عدالت نے کیس کی سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ گواہ کا بیان آئندہ سماعت پر ریکارڈ کیا جائے گا۔