حکومت نے نواز کی میڈیکل رپورٹس پر رائے طلب کرلی

اسلام آباد: مرکزی حکومت نے پنجاب حکومت سے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر ماہرانہ رائے مانگ لی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر ماہرانہ رائے مانگ لی ہے، اس حوالے سے اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب حکومت کو خط لکھا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں جمع ہونے والی رپورٹس پر متعلقہ ماہرین سے رائے لی جائے۔
خط میں کہا گیا کہ ماہرین کی رائے ملنے پر نواز شریف کی واپسی سے متعلق آئندہ لائحہ عمل اپنایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہرین نے نواز شریف کی صحت بہتر قرار دی تو سابق وزیراعظم کے معالج سے رابطہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہباز شریف کی شخصی ضمانت پر نواز شریف باہر گئے، نواز شریف کا باہر جانا مکمل فراڈ تھا، نواز شریف نے 17 ماہ سے علاج نہیں کرایا، وہ ملک سے فراڈ کے ذریعے نکلے ہیں۔ پنجاب حکومت نے نواز شریف کی صحت کی رپورٹس مسترد کردیں، نواز شریف کے باہر بھیجنے کے فراڈ کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں اور شہباز شریف کی لاہور ہائی کورٹ طلبی پر درخواست دی جائے گی۔

analysisGovt of PakistanMedical ReportNawaz sharif