پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کمر توڑ وار، وزیراعظم استعفیٰ دیں، (ن) لیگ

اسلام آباد: (ن) لیگ نے وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا عمران خان ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے گھر چلے جائیں، مہنگائی کا طوفان سونامی کی صورت اختیار کرچکا، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر اضافی ٹیکس لگائے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان نے خواجہ آصف اور احسن اقبال کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 31 مئی 2018 کو جب حکومت چھوڑی پاکستان پٹرول 72.11 روپے میں خریدتا تھا جو ٹیکس ڈال کر 87.70 روپے میں فروخت ہوتا تھا، آج جو پٹرول کی قیمت رکھی گئی وہ 55 روپے ہے، پٹرول پر 44 روپے سے زائد ٹیکس لاگو کیا گیا ہے، 55 سے 56 روپے پٹرول کی قیمت پر ٹیکس لگاکر اسے 67 کے قریب فروخت ہونا چاہیے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا جہاں معیشت تباہ ہے وہاں پٹرول کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ باعث افسوس ہے، وزیراعظم ایوان میں کہتے ہیں کہ میرے پاس آپ پر اضافی بوجھ پٹرول کی مد میں ڈالنے کے سوا کوئی حل نہیں، حکومت ٹیکس اکٹھا کرنے، انڈسٹری بڑھانے اور سرمایہ کاری میں ناکام ہوچکی ہے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے حکومت کی ناکامیوں میں اضافہ ہوا ہے، ایک طرف اسمبلی بجٹ پر بحث کررہی ہے جب کہ دوسری طرف پٹرول پر 34 فیصد اضافے سے عوام پر بوجھ ڈال دیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا عمران خان نے 2013 اور 2018 میں پٹرول پر ٹویٹ کیا، آج پٹرول کی قیمتیں بڑھیں، بجلی کی قیمتیں بھی بڑھیں گی، عمران خان نے پٹرول کی قیمتوں سے متعلق تنقید کی تھی، اگر جرأت ہے تو عمران خان استعفیٰ دیں، پی ٹی آئی اپنا نیا لیڈر چن لے، سارا پاکستان عمران خان کی انا کی زد میں ہے، مہنگائی کا طوفان یہاں نہیں رکے گا، اپوزیشن کی تمام پارٹیوں سے مل کر مشترکہ لائحہ طے کریں گے۔
لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر اضافی ٹیکس لگائے، حکومت نے چور دروازے سے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا، پٹرول کی قیمت میں اچانک اضافے سے ملک کی معیشت متاثر ہوگی، حکومت جب سے آئی مافیاز کے ہاتھوں یرغمال ہے، شاید حکومت نے الیکشن مہم میں مافیاز سے پیسے لیے تھے، پٹرولیم مصنوعات میں 25 روپے اضافہ معیشت کے لیے کمر توڑ وار ہے۔

Nawaz legPM ImranShahid Khaqan