اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی ضمانت کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم کے لیے ایک اور مشکل تیار ہوگئی ہے اور نیب نے نواز شریف کی ضمانت منسوخی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے، ضمانت منسوخی کی درخواست نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے دائر کی۔
نیب کی درخواست میں کہا گیا کہ نواز شریف ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ اور عدالت سے مفرور ہیں، ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی ضمانت منسوخ کرکے ان کی گرفتاری کی اجازت دی جائے اور سیکریٹری داخلہ اور خارجہ کو قانون کے مطابق ذمے داریاں ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 2018 میں ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی ضمانت منظور کی تھی اور عدالت نے نوازشریف کی سزا معطل کی تھی جب کہ عدالت عظمیٰ نے بھی نواز شریف کی سزا معطلی کا ہائی کورٹ والا فیصلہ ہی برقرار رکھا تھا، تاہم نواز شریف نے سزا معطلی اور ضمانت کی رعایت کا غلط استعمال کیا۔
نیب نے کہا کہ بیرون ملک چلے جانے کے بعد نواز شریف اس رعایت کے مستحق نہیں رہے، نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی اور ضمانت ختم کی جائے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 2018 میں ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل کر کے ضمانت منظور کی تھی۔