اسلام آباد: وزیراعظم نے نواز شریف کو واپس لانے کے لیے قانونی ذرائع استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کو مطلوب افراد کو واپس لانا حکومت کی ذمے داری ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں حکومتی اور پارٹی ترجمان شریک ہوئے۔ دوران اجلاس پارلیمنٹ میں قانون سازی سے متعلق ترجمانوں کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں موجودہ سیاسی صورت حال میں حزب اختلاف کے بیانیے سے متعلق حکمت عملی اور نواز شریف کو وطن واپس لانے سے متعلق اقدامات پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عدالتوں کو مطلوب افراد کو واپس لانا حکومت کی ذمے داری ہے۔ نواز شریف کو واپس لانے کے لیے قانونی ذرائع استعمال کیے جائیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کی صحت پر سیاست کی، ہم اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ اپوزیشن کا فوکس ملکی مفاد نہیں بلکہ شریفوں کے مقدمات سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے۔
اجلاس کے دوران قومی اسمبلی میں فیٹف قوانین کی منظوری کے حوالے سے بھی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ترجمانوں کو ملکی معاشی صورت حال میں بہتری کو موثر طور پر اجاگر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ معیشت سے متعلق فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں، اب پوری توجہ بہتر معاشی اشاریوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے پر ہے۔