لاہور: نیب ریفرنس میں میر شکیل کے شریک ملزم نواز شریف کی تمام جائیدادیں قرق کرلی گئیں۔
احتساب عدالت لاہور میں نجی میڈیا گروپ کے مالک میر شکیل کے خلاف غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے میر شکیل پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 28 جنوری کی تاریخ مقرر کردی۔
نیب تفتیشی افسر عابد حسین نے میر شکیل کے شریک ملزم نواز شریف کی جائیداد قرقی کی رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ عدالتی حکم کی تعمیل میں نواز شریف کی پاکستان میں موجود تمام جائیدادیں قرق کرلی ہیں، اس سے متعلق محکموں کی رپورٹ بھی منسلک کردی ہے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر شریک ملزم ہمایوں فیض رسول کو بھی طلب کرلیا۔ نیب ریفرنس میں میر شکیل، نواز شریف، سابق ڈی جی ایل ڈی اے ہمایوں فیض رسول اور بشیر احمد کو مجرم قرار دیا گیا ہے جب کہ طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔
نیب کی طرف سے اسپیشل پراسیکیوٹر حارث قریشی پیش ہوئے اور بتایا کہ ملزم میر شکیل نے اس وقت کے وزیراعلیٰ نواز شریف کی ملی بھگت سے ایک ہی علاقے میں ایک ایک کنال کے 54 پلاٹ ایگزمپشن پر حاصل کیے جو ایگزمپشن پالیسی 1986ء کی خلاف ورزی ہے، ملزم میر شکیل نے نواز شریف کی ملی بھگت سے 2 گلیاں بھی الاٹ شدہ پلاٹوں میں شامل کرلیں اور اپنا جرم چھپانے کے لیے پلاٹ اپنی اہلیہ اور کمسن بچوں کے نام پر منتقل کروائے۔