اسلام آباد: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے فیصلہ کرلیا، باقی زندگی لندن میں گزارنی ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی کوشش ہے ملک میں ہنگامہ آرائی کی جائے، اپوزیشن عوام کو بے وقوف بنارہی ہے، وہ چاہتی ہے عمران خان سینیٹ میں ناکام ہوں، ایوان بالا میں عمران خان کو اکثریت مل گئی تو ان کی سیاست ٹھس ہوجائے گی تاہم عمران خان چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے سوالوں کے جواب اب تک نہیں دیے گئے، نواز شریف بتائیں بے نظیر کی کردار کشی کس نے کروائی اور اسامہ بن لادن سے کتنے پیسے لیے جب کہ ڈان لیکس کے پیچھے نوازشریف کا ہاتھ تھا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہندوستان کا بیانیہ پیش کررہے ہیں جب کہ انہوں نے فیصلہ کرلیا ہے انہوں نے باقی زندگی لندن میں رہنا ہے ۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں جب کہ ملک کو لوٹنے والے 31 دسمبر تک جیل کی رونقیں بڑھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول پتا نہیں مجھ سے کیوں ڈر رہے ہیں جب کہ بلاول بھٹو پاکستان کی سیاست میں مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے رائیونڈ میں مودی سے ملاقات کی آج کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو، نواز شریف سب سے پہلے کورٹ کو عزت دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بسوں میں لوگوں کو لے جاکر چیف جسٹس کے دفتر پر حملہ کیا گیا جب کہ نیب دفتر پر پتھراؤ کی منصوبہ بندی لندن میں کی گئی۔