پاک بحریہ کے بیڑے میں پی این ایس یرموک کی شمولیت اہم سنگ میل ہے، نیول چیف

کراچی: امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بحری بیڑے میں نئے جہاز کی شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی این ایس یرموک کی بحری بیڑے میں شمولیت ایک اہم سنگ میل ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی کے بحری بیڑے میں نئے اسٹیٹ آف دی آرٹ جہاز پی این ایس یرموک کی شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی این ایس یرموک کی بحری بیڑے میں شمولیت سے ملکی سمندری حدود اور بحری مفادات کا دفاع مزید مضبوط ہو گا۔
نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، ایڈمرل ظفر عباسی نے قلیل وقت میں جہاز کی تعمیر پر ڈامین شپ یارڈ رومانیہ اور پروجیکٹ ٹیم کو سراہا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ جنگی جہاز اسٹیٹ آف دی آرٹ ویپن اور ڈیفنس سسٹم سے لیس ہے۔ پی این ایس یرموک متعدد نیول آپریشنز انجام دینے اور ہیلی کاپٹر اور ڈرون لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس سلسلے کا دوسرا جہاز پی این ایس تبوک عنقریب پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کیا جائے گا۔

Naval shipNewYarmok