کراچی: سینئر اداکار نعمان اعجاز شادی شدہ ہوتے ہوئے بھی غیر عورتوں کے ساتھ محبت کا برملا اعتراف کرنے پر شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
نامور اداکار کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ عفت عمر کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنی ان محبتوں کا اعتراف کررہے ہیں جن کے بارے میں ان کی اہلیہ کو بھی نہیں معلوم۔
انٹرویو کے دوران عفت عمرنے اُن سے پوچھا کہ فنکار تھوڑے عاشق مزاج ہوتے ہیں تو اس صورت حال میں آپ کی کامیاب شادی شدہ زندگی کا راز کیا ہے۔ اس کے جواب میں نعمان اعجاز نے کہا کہ ہم تھوڑے نہیں بلکہ بہت زیادہ عاشق مزاج ہوتے ہیں، اپنی کامیاب شادی شدہ زندگی کا سہرا انہوں نے اپنی بیوی کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ ہم اس شادی کو ایک رشتہ اور ذمے داری سمجھ کر نبھارہے ہیں اس لیے ہماری شادی آج بھی قائم ہے۔
نعمان اعجاز سے جب پوچھا گیا کہ کبھی آپ کا دل پھسلا؟ اس پر اُن کا کہنا تھا کہ میرا ایک نہیں کئی بار دل پھسلا ہے یہاں تک کہ میں راستے میں جارہا ہوں تو بھی میرا خواتین کو دیکھ کر دل پھسل جاتا ہے اور میں اسے کنٹرول بھی نہیں کرتا۔
عفت عمرنے ایک اور سوال پوچھا کہ کیا آپ کو زندگی میں کبھی ایک دن کی محبت ہوئی؟ اس کے جواب میں نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ ایک دن کی کیا مجھے ہر لمحے محبت ہوتی ہے، روز ہوتی ہے میں تو بہت زیادہ محبت کرنے والا آدمی ہوں اور مجھے تو عشق ہی اس خاتون سے ہوتا ہے جو اندر اور باہر سے خوبصورت اور مشکل ہوتی ہے۔
عفت عمر نے حیرانی سے پوچھا کیا آپ کی بیگم اس بات کا برا مناتی ہیں کہ آپ ان کے ہوتے ہوئے دوسری خواتین کے عشق میں مبتلا ہوجاتے ہیں، اس پر نعمان اعجاز نے کہا میں ایک بہت اچھا اداکار اور عقل مند شخص ہوں، میں اپنی بیگم کو اس بارے میں پتا ہی نہیں چلنے دیتا۔ یہاں تک کہ جن خواتین کے ساتھ میرے تعلقات ہوتے ہیں ان کے شوہروں کو بھی ہماری محبت کا علم نہیں ہوتا۔
اسی انٹرویو کے دوران نعمان اعجاز نے خواتین کو ہراساں کرنے والی عالمی مہم ’’می ٹو‘‘کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ یہ سب دین سے دوری کی وجہ سے ہورہا ہے۔ کیونکہ اس قوم کو دین سمجھ ہی نہیں آرہا۔ ہماری قوم کیو ٹی وی اور ایم ٹی وی کے درمیان میں پھنسی ہوئی ہے۔
نعمان اعجاز کا یہ انٹرویو کل سے سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور لوگ ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں منافق کہہ رہے ہیں۔ ایک صارف نے کہا نعمان اعجاز ’’کول‘‘ بننے کے چکر میں مارے گئے۔ کچھ لوگوں نے کہا برا کام کرو اور فخر سے بتاؤ واہ کیا ٹیلنٹ ہے۔