فلوریڈا: دنیا کی گول ترین قدرتی جھیل فلوریڈا میں واقع ہے، اسے کنگسلے جھیل کے نام سے جانا جاتا ہے، جس کا دوسرا نام چاندی کے ڈالر والی جھیل بھی ہے۔
فلوریڈا کلے کاؤنٹی میں واقع یہ جھیل پوری ریاست میں ماہی گیری کا بہترین مقام بھی ہے، لیکن اس کی وجہ شہرت ایسی ہے کہ گویا کسی نے پرکار سے انتہائی گول دائرہ کھینچ کر اس میں پانی بھر دیا ہو، لیکن اس کی گولائی کا اندازہ اسی وقت ہوتا ہے جب اسے بلندی سے دیکھا جائے۔ دیکھنے والے اس کی درست خمیدگی دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں۔
پوری جھیل کا گھر دو میل یا ساڑھے چار کلومیٹر ہے اور ساحلی رقبہ ساڑھے پانچ میل تک ہے۔ جھیل کی اوسط گہرائی 90 فٹ ہے جو اسے فلوریڈا کی سب سے گہری جھیل بھی بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ فلوریڈا کی یہ بلند ترین اور سب سے پرانی جھیل بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔
اگرچہ جھیلیں کئی اشکال اور خدوخال رکھتی ہیں، لیکن کنگسلے جھیل اپنی خاص دائرہ صورت کی بنا پر سیاحوں میں بہت مقبول ہے اور لوگ اسے دُور دُور سے دیکھنے آتے ہیں۔