کراچی: نیشنز ہاکی کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں کل پاکستان اور فرانس کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔
ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں جاری نیشنز کپ کے پہلے سیمی فائنل میں کوریا کو نیوزی لینڈ کا چیلنج درپیش ہوگا، بعدازاں دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اور فرانس کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔
اہم معرکہ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 3 بجے ہوگا، یہ میچ پی ٹی وی اسپورٹس اور ٹیپمیڈ پر لائیو دکھایا جائے گا۔
فرانس کی عالمی درجہ بندی میں 9 ویں پوزیشن ہے جب کہ اسی ٹورنامنٹ میں 2 درجے ترقی پانے کے بعد پاکستان کا 13 واں نمبر ہے۔
ہیڈ کوچ طاہر زمان کا کہنا ہے کہ فرانس کے خلاف مزید بہتر پلاننگ کے ساتھ کھیلنے پر توجہ دیں گے، نوجوان کھلاڑی محنت کررہے ہیں، امید ہے فائنل تک رسائی حاصل کریں گے۔
خیال رہے کہ نیشنز کپ کا فائنل 21 جون کو کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم پرو ہاکی لیگ میں رسائی حاصل کرنے کی حق دار ٹھہرے گی۔