قومی سلامتی کمیٹی اجلاس، دہشت گردی کیخلاف آپریشن مزید تیز کرنے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی نے ملک میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن جاری رکھنے اور اسے مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں قومی سلامتی کمیٹی کا 41 واں اجلاس 2 گھنٹے تک جاری رہا، جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، اطلاعات، دفاع، خزانہ، خارجہ اور وزارت داخلہ کے وزرا شریک ہوئے۔
اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی ایم او سمیت دیگر عسکری اور سویلین حکام بھی شریک ہوئے جب کہ اجلاس میں کمیٹی ارکان اور چاروں وزرائے اعلیٰ بھی خصوصی طور پر شریک تھے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سیکیورٹی اور معاشی صورت حال پر غور کیا گیا جب کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے شرکا کو بریفنگ دی۔
ملکی موجودہ سیکیورٹی صورت حال اور دہشت گردوں کے خلاف ڈی جی آئی ایس آئی نے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن جاری رکھنے اور اسے مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔

Federal ministersNational Security Committee MeetingPM Shehbaz SharifTerrorism